وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سندھ کلچر ڈے پر مبارکباد، بین الصوبائی ہم آہنگی پر زور

27

 کوئٹہ، 07 دسمبر:

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ کلچر ڈے کے موقع پر سندھ کے عوام، حکومتِ سندھ اور دنیا بھر میں بسنے والی سندھی کمیونٹی کو گرمجوش مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ کی تہذیب برصغیر کی قدیم ترین ثقافتوں میں سے ایک ہے، جو اپنے اندر محبت، رواداری، امن، صوفی روایت اور برداشت کی صدیوں پرانی خوبصورت اقدار سموئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجرک اور سندھی ٹوپی محض لباس کا حصہ نہیں بلکہ پاکستان کی مشترکہ تہذیبی شناخت اور اجتماعی ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دن تحریک دیتا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک دوسرے کی ثقافتی وراثت کا احترام کرتے ہوئے بھائی چارے اور قومی وحدت کو مضبوط بنائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ تاریخی، سماجی اور معاشی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں—دونوں صوبوں نے ہمیشہ دکھ سکھ میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی نسلیں بھی اسی ورثے کو فخر کے ساتھ آگے بڑھائیں گی۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ سندھ کی ثقافت پاکستان کی عالمی شناخت کو مزید روشن کرتی رہے اور اس کے رنگ، روایات اور اقدار آنے والی نسلوں تک مضبوطی سے منتقل ہوتی رہیں۔

Comments are closed.