قلات میں کامیاب آپریشن، دہشت گرد منطقی انجام کو پہنچے: وزیر اعلیٰ بلوچستان
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 07 دسمبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشن کو دہشت گردی کے خلاف جاری فیصلہ کن مہم کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست اپنی سرزمین پر کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے کے عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور بلوچستان کی ہر انچ سرزمین پر ریاست کی مکمل رٹ قائم ہے اور رہے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ نے عزم اظہار کیا کہ آپریشن عزمِ استحکام کی غیر مشروط حمایت جاری رہے گی اور بلوچستان میں پائیدار امن کی خاطر ہر سطح پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن، ترقی اور عوامی اطمینان کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، کیونکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
Comments are closed.