ایجوکیشن ورکس ڈپارٹمنٹ میں ایکسین کی عدم تعیناتی سے ترقیاتی کام شدید متاثر
مٹیاری ایجوکیشن ورکس ڈپارٹمنٹ میں ایکسین کی اہم نشست طویل عرصے سے خالی ہونے کے باعث محکمے کی انتظامی سرگرمیاں اور ترقیاتی منصوبے نمایاں سست روی کا شکار ہو گئے ہیں۔ محکمے کے روزمرہ امور، سرکاری فائلوں کی منظوری، انجینئرنگ رپورٹس کی تکمیل اور ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد تاخیر کا شکار ہے جس سے ضلع میں تعلیم سے متعلق ترقیاتی بہاؤ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایکسین کی عدم موجودگی کے باعث متعدد تعمیراتی، مرمتی اور بحالی کے منصوبے دستخط نہ ہونے کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ پا رہے۔ مختلف اسکولوں میں پانی، بجلی، عمارتوں کی مرمت، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تیار کی گئی اسکیمیں بھی رکی ہوئی ہیں، جبکہ فائلوں کی منظوری میں تعطل کے باعث کئی منصوبے نصف میں معطل پڑے ہیں۔
ٹھیکیداروں کی رپورٹس کے مطابق فنی جانچ، مانیٹرنگ اور ادائیگیوں کے مراحل میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے، جس سے مکمل شدہ کام بھی حتمی منظوری کے انتظار میں لٹکے ہوئے ہیں۔
ایجوکیشن ورکس ڈپارٹمنٹ میں اہم عہدے کے خالی ہونے سے ضلع بھر میں ترقیاتی رفتار اور اسکولوں میں سہولیات کی بہتری کا عمل واضح طور پر متاثر ہو چکا ہے، اور متعلقہ محکموں میں فائل ورک اور اسکیموں کی پیش رفت ماند پڑ گئی ہے۔
Comments are closed.