امن ترقی کی موٹروے ہے، ہمیں اسے ہر صورت تعمیر کرنا ہوگا: احسن اقبال کا پیس اینڈ ڈیولپمنٹ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد — وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو تیز رفتار اور پائیدار ترقی کے لئے “امن کی موٹروے” تعمیر کرنا ہوگی، کیونکہ امن ہی ترقی کی اصل کنجی ہے۔ وہ جمعرات کو پیس اینڈ ڈیولپمنٹ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اسلام امن، بھائی چارے اور رواداری کا مذہب ہے اور نوجوانوں کے ذہنوں کو انتہا پسندی اور نفرت کے وائرس سے محفوظ رکھنا ریاستی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کی سیاسی، معاشی، سماجی، مذہبی، لسانی اور علاقائی جہات ہیں اور اس کے دیرپا حل کے لئے اسباب اور محرکات کو سمجھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکالمہ، برداشت اور سننے کے حوصلے کے ذریعے ہی معاشرے میں اتفاقِ رائے اور ہم آہنگی پیدا ہو سکتی ہے۔ دنیا کے کامیاب تجربات سے سیکھ کر ہمیں بہتر اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اُنہوں نے “اڑان پاکستان” پروگرام کو نوجوانوں کیلئے رواداری اور مثبت سمت میں رہنمائی کا جامع روڈمیپ قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امن، سماجی یکجہتی اور معاشی ترقی ہمارے روشن مستقبل کی اصل کنجیاں ہیں۔ “ہم ترقیاتی منصوبوں کو امن کے فروغ سے منسلک کر رہے ہیں،” انہوں نے کہا، اور واضح کیا کہ ترقی کے مواقع بڑھنے سے علاقائی محرومیاں خود بخود دور ہوتی ہیں۔
Comments are closed.