وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم دھماکے کی شدید مذمت

27

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے تین پولیس اہلکاروں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر پولیس جوان کم وسائل کے باوجود فرنٹ لائن پر رہ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے اور دشمن عناصر ایسے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اپنی بہادر پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم اور پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور کہا کہ صوبائی حکومت شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

Comments are closed.