گورنر بلوچستان کا خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام

28

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 3 دسمبر — گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا بنیادی مقصد معذور افراد کی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شمولیت، رسائی اور مساوی مواقع کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

گورنر نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹے پر مکمل عملدرآمد اور معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی کے ذریعے معذور افراد کو درپیش نصف سے زیادہ مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے معذور افراد اور ان کے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معذوری کے اثرات فرد ہی نہیں بلکہ خاندان پر بھی گہرے ہوتے ہیں، جس سے گھریلو اور سماجی مشکلات جنم لیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید سائنس اور ٹیکنالوجی نے معذور افراد کو بے پناہ بااختیار بنایا ہے، جس کے باعث آج جسمانی معذوری کے باوجود کوئی شخص بھرپور زندگی گزار سکتا ہے اور دوسروں کے لیے مدد اور رہنمائی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی شہرت یافتہ سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی عزم و ہمت کی طاقت کا عظیم ثبوت ہے۔

گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ معذور افراد کے لیے جامع اور مثبت ماحول کی فراہمی، تعلیم، روزگار اور سماجی شرکت میں مساوی مواقع کی فراہمی ضروری ہے۔ ان کے مطابق معذور افراد کو مزید بااختیار بنانے کے لیے مالی استحکام اور سرکاری و نجی عمارتوں تک آسان رسائی کے مسائل فوری حل کیے جانے چاہئیں۔ اس سلسلے میں معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے تمام دفاتر کو گراؤنڈ فلور پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ بطور گورنر انہوں نے روزِ اول سے معذوروں سمیت غریب اور نادار افراد کے مسائل کے حل کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے رکھے ہیں، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Comments are closed.