گوادر یونیورسٹی میں میڈیا لٹریسی اور ڈیجیٹل حقوق پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کردیا
نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے محفوظ استعمال سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر
گوادر گوادر یونیورسٹی اور انڈی ویجوئل لینڈ کے اشتراک سے میڈیا لٹریسی اور ڈیجیٹل حقوق کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح پیر کے روز جامعہ گوادر کے مین سیمینار ہال میں ہوا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔وائس چانسلر نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے اس تربیتی ورکشاپ کو طلبا کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف طلبا کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بھی بنائے گا۔ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال معاشرے میں غلط فہمیوں اور بے چینی کا باعث بنتا ہے، اس لیے نوجوان اس کے مثبت اور مثر استعمال سے واقف ہوں۔ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل سکلز فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ورکشاپ کے دوران ٹرینرز نے شرکا کو میڈیا کے جدید تقاضوں، معلومات کی درستگی، خبر کی تصدیق، میڈیا ایتھکس اور ڈیجیٹل رائٹس سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی، جبکہ مختلف عملی سیشنز میں صحافیوں اور طلبا کو ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی عملی تربیت بھی دی گئی۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکا میں اسناد (سرٹیفیکیٹس)تقسیم کیے گئے۔
Comments are closed.