گوادر: ڈپٹی کمشنر کا ضلع میں صحت کے شعبے کے مسائل کا جائزہ

22

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گوادر، 1 دسمبر 2025: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے ضلع میں صحت کے شعبے کے درپیش مسائل کے حل کے لیے محکمہ صحت کے ضلعی افسران کا اہم اجلاس طلب کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں صحت کی سہولیات، خالی آسامیوں اور دیگر انتظامی و عملی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ایم ایس ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہنواز بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ ضلع میں لیڈی میڈیکل آفیسرز، میڈیکل آفیسرز، ڈینٹل سرجن اور دیگر تکنیکی پوسٹیں خالی ہیں، جن میں بی ایریا میں ڈینٹل سرجن کی پوسٹیں بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں ای پی آئی، نیشنل پروگرام فار فیملی پلاننگ، ٹی بی کنٹرول پروگرام، ملیریا، ڈینگی، زچہ و بچہ (MNCH) پروگرام اور دیگر صحت کے امور پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔ غیر فعال آر ایچ سی سربندن اور ماڑا ٹی وی سینٹر کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ایمبولینسز، ادویات، اسٹاف، سروس ڈلیوری، پی ٹی بلڈنگز کی حالت، بجٹ الاؤکیشن اور ڈی ڈی او کوڈ کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں، شیخ محمد بن راشد المختوم میڈیکل سینٹر کو فعال کرنے کے لیے اقدامات پر بھی بات کی گئی۔

ٹیچنگ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے اسپتال میں آپریشن تھیٹر کی فوری ضرورت، اور اسپیشلسٹ، میڈیکل آفیسر، لیڈی میڈیکل آفیسر اور ڈینٹل سرجن کی خالی پوسٹیں فوری طور پر بھری جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں کل 13 ایمبولینسز موجود ہیں، جن میں سے چار جرمنی سے آرہی ہیں۔ علاوہ ازیں، ڈاکٹر اور تکنیکی اسٹاف کے لیے رہائش، کالونی کی مرمت، 18 ڈائلیسس مریضوں کے لیے بجٹ کی کمی، اور تلسمیا سینٹر میں مریضوں کے مسائل بھی زیر غور آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ متعارف کرانے سے متعدد مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ وہ جلد اسپتال کا دورہ کریں گے اور موجودہ صورتحال کا خود جائزہ لیں گے۔

ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے ضلع میں موجود 33 بی ایچ یوز کی صورتحال، اسٹاف، لیبارٹری سہولیات، ٹیلی ہیلتھ کلینکس، ای پی آئی سینٹرز، بی ایچ یوز میں ایل ایچ ویز کی کارکردگی، عمارات اور مرمت کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پی پی ایچ آئی کے پاس تین ایمبولینسز موجود ہیں جو روڈ پر ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر صحت کی خدمات کو مضبوط کرنے اور ضلع میں اسٹاف و انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا۔

Comments are closed.