پشاور میں خوراک کی خالصیت کے خلاف بڑی کارروائیاں؛ کم عمر جانوروں کا گوشت اور سینکڑوں کلو مضر صحت مصالحہ جات برآمد

17

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور | 14 نومبر:
خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کم عمر جانوروں کا گوشت اور 255 کلوگرام سے زائد مضر صحت و ملاوٹ شدہ مصالحہ جات برآمد کرلیے۔

ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر صبح سویرے چرگانو چوک میں ایک قصائی کی دکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے کم عمر جانوروں کا گوشت برآمد ہوا۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قصائی کو موقع پر گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی۔

ایک دوسری کارروائی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک مقامی مصالحہ جات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 255 کلوگرام سے زائد ملاوٹ شدہ مصالحہ جات برآمد کیے۔ فیکٹری میں بھوسہ، چوکر، غیر معیاری رنگ اور دیگر مضر صحت اجزاء شامل کیے جا رہے تھے۔ تمام ملاوٹی اشیاء ضبط کرلی گئیں جبکہ فیکٹری مالک کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائیوں پر ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا:

> “ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔”

Comments are closed.