بلوچستان محکمہ ایریگیشن کی اہم کامیابی — گرین نصیرآباد وژن کے تحت کیرتھر کینال کا مکمل کمانڈ ایریا سیراب

26

 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

نصیرآباد ڈویژن، بلوچستان | 8 نومبر 2025ء

استا محمد: گرین نصیرآباد وژن کے تحت محکمہ ایریگیشن بلوچستان نے کیرتھر کینال کے مکمل ڈیزائن کمانڈ ایریا کو سیراب کرکے ایک نمایاں سنگ میل عبور کیا ہے، جس سے زرعی پیداوار اور آبی انتظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد غلام سرور بنگلزئی نے کیرتھر کینال کے دورے کے موقع پر کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت اور محکمانہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ نہری نظام کی کارکردگی اور زرعی پیداوار میں پائیدار اضافہ ممکن ہو۔

ایگزیکٹو انجینیئر غلام مصطفیٰ چانڈیو نے انہیں ربیع سیزن کے دوران پانی کی تقسیم، فصلات کی پیداوار اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ سپرنٹنڈنگ انجینیئر نے ڈوم، خانپور، فیض آباد، نورپور، گنداخہ اور باغ ہیڈ ریگولیٹرز کا معائنہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے غلام مصطفیٰ چانڈیو، سیف اللہ بنگلزئی اور ریاض احمد عابد سیال کو ہدایت کی کہ محکمانہ معیار کے مطابق تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ چینل سسٹم کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔

غلام سرور بنگلزئی نے اطمینان کا اظہار کیا کہ پہلی مرتبہ کیرتھر کینال کے کمانڈ ایریا کو مکمل طور پر سیراب کیا گیا ہے، جو محکمہ ایریگیشن بلوچستان کے انجینیئرز اور عملے کی محنت اور لگن کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلوص نیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری سے کام کرنے والے افسران ہی ادارے کا اصل سرمایہ ہیں۔ ربیع سیزن میں بھی خریف کی طرح بمپر کراپ کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے۔

دورے کے دوران انہوں نے کیرتھر کینال کے دفاتر، رہائش گاہوں اور ریسٹ ہاؤس کا بھی معائنہ کیا اور تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینیئر کو ہدایت کی کہ فنڈز کے حصول کے لیے حکام بالا کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ دفتری اور رہائشی مسائل حل ہو سکیں۔

سپرنٹنڈنگ انجینیئر نے واضح کیا کہ غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ محکمہ ایریگیشن بلوچستان کے نظم و ضبط اور کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

Comments are closed.