وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے وفد کی ملاقات — گندم کی آزاد نقل و حرکت پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 5 نومبر 2025ء — وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور صوبے میں گورننس، اقتصادی تعاون اور بین الصوبائی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی آزادانہ بین الصوبائی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کا معاملہ خاص طور پر زیر غور آیا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 151 کے تحت بین الصوبائی تجارت تمام صوبوں کا بنیادی آئینی حق ہے اور کسی بھی صوبے کو خوراک یا اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر عوام کے رزق پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ گندم اور آٹے کی فراہمی میں رکاوٹیں نہ صرف صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو متاثر کرتی ہیں بلکہ عام شہریوں کے معاشی مفادات کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے پائیدار حل کے لیے بین الصوبائی تعاون اور رابطے کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفد کے اراکین کو خیبر پختونخوا کے عوام کا سفیر قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا اور وفاقی یکجہتی کے فروغ میں ان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وفد میں سینیٹر دلاور خان، سینیٹر محسن عزیز، سینیٹر نسیمہ احسان، سینیٹر ناصر محمود، سینیٹر ہدایت اللہ خان، سینیٹر نیاز احمد اور سینیٹر مصدق مسعود سمیت دیگر ارکان شامل تھے۔ ملاقات میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، سیکرٹری خوراک شاہ محمود اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
Comments are closed.