صدر آصف علی زرداری اور امیرِ قطر کی ملاقات؛ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
دوحہ | 5 نومبر 2025ء

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی اور اقتصادی تعاون کے فروغ اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

امیرِ قطر نے صدرِ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قطر کو پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے اور پاکستانی کمیونٹی نے قطر کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں قطر میں پاکستانیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔

صدرِ مملکت نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی نیک تمنائیں پہنچاتے ہوئے امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت اور قطر کی شاندار ترقی کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے ایمان، اعتماد اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر زرداری نے قطر کے انسانی ہمدردی پر مبنی عالمی کردار اور غزہ کے لیے جنگ بندی و امدادی کوششوں میں امیرِ قطر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قطر کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا رہے گا اور بین الاقوامی فورمز پر اس کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔

امیرِ قطر نے پاکستان۔سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ بیک وقت مضبوط تعلقات رکھتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ صدر زرداری نے دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں اشتراک کی تجویز دی، جس پر امیرِ قطر نے فوری رابطوں کی ہدایت دی۔

صدر زرداری نے قطر کے تعلیمی و فلاحی اداروں خصوصاً قطر فنڈ فار ڈیولپمنٹ، ایجوکیشن ابوو آل فاؤنڈیشن اور شیخہ موزه بنت ناصر و شیخہ المیاسہ بنت حمد الثانی کی خدمات کو سراہا۔

صدر زرداری نے افغانستان سے متعلق دوحہ مذاکرات کی میزبانی پر قطر کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان اپنے مسائل حل کر کے باہمی تعلقات کو استحکام کی طرف لے جائیں گے۔

صدرِ مملکت نے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی موجود تھے۔

Comments are closed.