اے این ایف کی خیبر میں بڑی کارروائی — بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کا خاتمہ، 144 کلو گرام چرس برآمد

15

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 5 نومبر: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے خیبر ضلع میں کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 144 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، 4 نومبر 2025 کو اے این ایف پولیس اسٹیشن ریجنل ڈائریکٹوریٹ خیبر پختونخوا (آر ڈی کے پی) کو ایک مصدقہ انٹیلی جنس اطلاع موصول ہوئی کہ منشیات کی ایک بڑی کھیپ ضلع خیبر میں پتھریلی چٹانوں کے نیچے عارضی طور پر چھپائی گئی ہے، جسے رات کی تاریکی میں پنجاب سمگل کیا جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق یہ منشیات باڑہ میں سرگرم ایک بدنام زمانہ ڈی ٹی او (ڈَرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشن) کی تھیں، جو آفریدی قبیلے کے مشہور منشیات اسمگلروں پر مشتمل ہے۔ اطلاع ملتے ہی اے این ایف کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈمپنگ سائٹ پر چھاپہ مارا اور چار پروپلین بیگز سے 144 کلوگرام چرس برآمد کرلی، جن میں 120 پیکٹس (ہر ایک کا وزن 1200 گرام) شامل تھے۔

ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر روابط اور سہولت کاروں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، قابلِ اعتماد انٹیلیجنس پر فوری اور مؤثر کارروائی اے این ایف کے اُس پختہ عزم کی عکاس ہے جس کے تحت فورس منشیات سے پاک پاکستان کے قیام کے لیے دن رات سرگرمِ عمل ہے۔

Comments are closed.