اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریب — آزادی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت

17

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد | 2 نومبر 2025ء

 اسلام آباد میں گلگت بلتستان جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد اور نیشنل پریس کلب کے زیرِ اہتمام گلگت بلتستان کے 78ویں یومِ آزادی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق، سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں، صحافیوں، وکلاء، طلباء و شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیض اللہ فراق نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہیروز نے اپنے زور بازو سے آزادی حاصل کی، ہم نے “لا الہ الا اللہ” کی بنیاد پر پاکستان سے الحاق کیا اور آج بھی کلمے کی بنیاد پر اس وطن سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا روشن چہرہ ہے اور اس کی ترقی، امن و خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو متحد ہونا ہوگا۔

سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ جنگِ آزادی گلگت بلتستان اسلام کے نام پر بننے والی ریاست پاکستان کی تحریکِ آزادی کا تسلسل تھی۔ ہمارے آبا و اجداد نے اپنے عزم و ایمان سے ڈوگرہ راج کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر آزادی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم سب مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کریں۔

آخر میں صدر گلگت بلتستان جرنلسٹس فورم ابرار حسین استوری، سیکرٹری غلام عباس اور دیگر رہنماؤں نے مہمانوں کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.