شاہ محمود قریشی کی اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں کرونا وائرس کے حملے اور وبا سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او نے کرونا وائرس کے حوالے سی چینی حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چینی حکومت پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور ان کو اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے حملے اور چینی حکومت کی جانب سے کئے گئے تمام حفاظتی اقدامات سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا ۔چینی وزیر خارجہ نے کہاکہ چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم طلباء کو اس وبا سے بچانے کیلئے، چینی حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے – وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے، چینی حکام کی جانب سے اب تک کی جانیوالی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کو خصوصی توجہ دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔