بلوچستان بھر میں محکمہ بلدیات کو فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، سردارمحمد صالح بھوتانی
کوئٹہ( این این آئی)صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں محکمہ بلدیات کو فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں محکمے کا اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں افسران سے محکمے کو فعال بنا نے اور عوامی مسائل کو حل کرنے لئے حکمت عملی مرتب کی جائیگی ،محکمہ بلدیات میں تمام شراکت داروں کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل حل کئے جائیں گے یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ارکان صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو، ثناء بلوچ، میر یونس عزیز زہری اور دیگر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات حکومتی مشنری کا اہم محکمہ ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لئے کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے ہماری کوشش ہے کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے انہوں نے کہا کہ صوبے بھر سے افسران کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں محکمہ بلدیات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے امور کا جائزہ لیا جائیگاتجاویز اور آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمے کی مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائیگی انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے بدلتی اور ضروریات کے پیش نظر محکمے کی حکمت عملی کو بھی تبدیل کر رہے ہیں بلوچستان کے دیہی و شہری علاقوں کے مسائل کو مدنظررکھتے ہوئے اضلاع کی سطح پر اقدامات کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی عوام کے منتخب نمائند ے ہیں جنکی مشاورت سے انکے حلقوں میں درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے صوبے کے تمام حلقوں کو یکسر اہمیت دی جارہی ہے محدود وسائل میں رہتے ہوئے جتنے بھی مسائل حل ہو سکے کرنے کی کوشش کریں گے