مریم اورنگزیب کی مہنگائی کی شدت میں اضافے کی مذمت، اشیائے خوردونوش سستا کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مہنگائی کی شدت میں اضافے کی مذمت، اشیائے خوردونوش سستا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اس عذاب کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران صاحب سولہ ماہ میں نواز شریف کے ترقی کرتے ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب صرف سولہ ماہ میں ملک کو غریب اور مہنگا ترین ملک بنا دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آپ نے سولہ ماہ میں عوام سے صرف اْن کو رلانے کا وعدہ پورا کیا ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ شماریات کے اعدادوشمار عمران صاحب کی نالائق حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری محمکے خود گواہی دے رہے ہیں کہ ملک نالائق ترین ٹولے کے رحم وکرم پر ہے ۔انہوںنے کہاکہ بجلی، گیس سے لے کر دال، سبزی اور ٹماٹر تک ہر چیز مہنگائی کا ریکارڈ توڑ چکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ دسمبر2019ء میں خوراک کی قیمتوں میں 82 فیصد اضافہ عمران حکومت کی بے حسی کا ثبوت ہے ۔انہوںنے کہاکہ ٹماٹر 321 فیصد، پیاز 169 اور سبزیاں84 فیصد مہنگی ہونا نالائق حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دال مونگ53 فیصد، گڑ31 فیصد، گیس چارجز میں55 فیصد اضافے کا مطلب ہے کہ عوام کو مہنگائی نے پیس کررکھ دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب اتنی زیادہ مہنگائی کرچکے ہیں کہ غریب اپنی غربت کے ساتھ ختم ہوجائے۔انہوںنے کہاکہ جو حکومت سستا ٹماٹر، پیاز اور سبزی نہیں دے سکتی، عوام کو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کیسے دے سکتی ہے؟۔انہوںنے کہاکہ بجلی، گیس، دال، روٹی، آٹا، بچوں کا دودھ اور دوائی تک ہر چیز غریب کی پہنچ سے دور گئی۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب یہ ہے آپ کا احساس؟ یہ ہے آپ کی احساس کی ریاست؟ یہ تو بے حسی کی حکومت ہے۔انہوںنے کہاکہ تعلیم، صحت، کاروبار، روزگار ہر شعبہ کے لوگ دہائی دے رہے ہیں۔