پلوامہ حملے کے بعد کشیدہ صورتحال میں پاکستان نیول ایوی ایشن نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کرقوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، نیول چیف
اسلام آباد (این این آئی) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس بحری آپریشنز کی صلاحیت رکھنے والے ائیر کرافٹس کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے پاک بحریہ کی استعداد میں اضافہ ہو گا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ میں نئے فضائی اثاثوں کی شمولیت کی تقریب ہوئی جس میں اعلیٰ تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹس اور خودکار ڈرونز کو پاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں شامل کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاکہ جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس بحری آپریشنز کی صلاحیت رکھنے والے ائیر کرافٹس کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے پاک بحریہ کی استعداد میں اضافہ ہو گا؎ انہوںنے کہاکہ ان ائیر کرافٹس کی شمولیت سے اسپیشل فورسز کے آپریشنز کو بھی مزید وسعت حاصل ہو گی۔ ترجمان کے مطابق نیول چیف نے جہازوں کے عملے کو ان جدید پلیٹ فارمز سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے اور ملکی بحری دفاع میں اہم کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد کشیدہ صورتحال میں پاکستان نیول ایوی ایشن نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کرقوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ترجمان کے مطابق میری ٹائم آپریشنز کو مزیدبہتر بنانے کے لئے جنگی صلاحیتوں کے حامل خود کار ڈرونز کا مزید حصول بھی پاک بحریہ کے آئندہ منصوبوں کا حصہ ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں سرکاری اداروں اور پاک بحریہ کے اعلی حکام کی بڑی تعداد شریک تھی۔