
اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ایران سعودیہ باہمی رابطے میں سہولت کاری، غلط فہمیاں دور کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان تیار ہے،امریکہ، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، بلجیم، فرانس، سعودیہ میں پاکستان کی اپنی سفارتی عمارات ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ارکان کے سوالات کے تحریری جواب میں بتایاگیاکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کشیدگی کو کم کرنے کی اہمیت اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے اختلافات و تنازعات کے پرامن حل پر زور دیتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے اسی سلسلے میں سعودیہ اور ایران کے دورے کئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایران سعودیہ باہمی رابطے میں سہولت کاری، غلط فہمیاں دور کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان تیار ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت سعودی جیلوں میں تقریباً 3248 پاکستانی قید، اب تک 2080 رہا کروائے جاچکے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت میں اس وقت 592 پاکستانی قید ہیں جن میں 375 سویلین، 217 ماہی گیر ہیں، افغانستان کی جیلوں میں اس وقت 308 پاکستانی قید ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 23 فروری 2018ء تک 52 پاکستانیوں کو افغان جیلوں سے رہائی ملی اور پاکستان واپس لایا گیا، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، بیلجیم، فرانس، سعودیہ میں پاکستان کی اپنی سفارتی عمارات ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سپین اور کویت میں پاکستانی سفارت خانے کی عمارات کرائے پر ہیں۔




