
کوئٹہ( این این آئی) جماعت اسلامی کے مرکزی امیرسنیٹرسراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی ترقی خوشحالی اور لوگوں کی اصلاح وبہبودکیلئے ہماراسفر جاری رہے گا بلوچستان کو حقوق جماعت اسلامی کے دیانت دار پلیٹ فارم سے مل سکتا ہے۔پاکستان عوام فیصلہ کرے کہ وہ اپنا مستقبل کب تک ایسے لوگوں کے حوالے کرتے رہیں گے جو اپنی خواہش کے غلام قومی خیانت کے مرتکب اورعوامی مسائل سے لاتعلق ہیں ۔دیانت دار لوگ اقتدارمیں آئیں گے تو مسائل حل اور اسلامی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوگی ۔بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے بلوچستان کے وسائل بلوچستان پرخرچ ہونے سے مسائل بے روزگاری غربت میں کمی آئیگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی کی قیادت میں ملنے والے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ،نائب امیر صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر بھی موجودتھے ۔وفد نے مرکزی امیر سے بلوچستان کے سیاسی عوامی اور جماعت اسلامی کے تنظیمی مسائل کام ورپورٹ اورآئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت وگفتگوکیا ۔صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹرسراج الحق جنوری کے پہلے عشرے میں بلوچستان کا دورہ کریں گے عوام کو ساتھ ملائیں گے اور مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے ۔بلوچستان میں غربت بے روزگاری ،حکومتی عدل توجہی ،کرپشن ونااہلی کی وجہ سے مسائل میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے کوئی میگاپراجیکٹ نہیں روزگار برائے فروخت ،اقرباء پروری ،وفاق کی بلوچستان کے مسائل سے عدم دلچسپی وسائل میں دلچسپی کی وجہ سے بلوچستان میں مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہاہے عوام کی جماعت اسلامی سے امیدیں وابستہ ہیں انشاء اللہ جماعت اسلامی عوام کی امیدوں کے مطابق مسائل حل ،خادم حکومت کے قیام اور اہل بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کے سفرمیں شامل کریں گے ۔اس موقع پر مرکزی امیر سنیٹرسراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی میں فرشتے نہیں لیکن تاریخ نے ثابت کر دیا ہے کہ اس کی لیڈرشپ امانت دارعوام کے دکھ درد میںساتھ دینے والی خدمت اورخوشحالی کی صلاحیت سے مالامال ہے ایسے لوگ ہی ملک کو داخلی وخارجی چیلنجوں سے نکال سکتے ہیں جماعت اسلامی کے دروازے تمام افرادکیلئے کھلے ہیں




