
لاہور( این این آئی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہم ایک منٹ کیلئے بھی خود کو کشمیر یوں سے جد ا نہیں کرسکتے اوران کیلئے ہر قر بانی دینے کو تیار ہیں، کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا ، انشاء اللہ 2020 پاکستان میں ترقی ،امن واستحکام اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا،حکومت گورننس کو مزید فعال، معیشت مستحکم اور تجارتی ماحول کو ساز گار بنا رہی ہے۔ وہ گور نر ہائوس لاہور میں تحر یک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری ،شعیب احمد صدیقی اور آجاسم شر یف سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت نے کامیاب نوجوان پروگرام ،صحت کارڈ ،پناہ گاہ،نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم سمیت عوامی فلا ح وبہبود کے درجنوں پروگرام شروع کر کے عوام دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے اور ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں اور یہ نیا سال بھی پاکستان کیلئے ہر لحاظ سے کامیاب سال ثابت ہوگا اور معاشی میدان میں بھی ہم آگے بڑ ھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرپاکستان اور پاکستان کشمیر ہے دونوں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہیں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم کشمیر یوں کیساتھ ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو پوری دنیا میں بے نقاب کیا جائیگا اور اس بات میں کسی کوکوئی شک نہیں کہ مسئلہ کشمیر اوربھارت کے جنگی جنون کی وجہ سے خطے میں امن دائو پر لگ چکا ہے آج بھارت کے اندر نر یندر مودی کے خلاف بھارتی عوام جو احتجاج کر رہے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نر یندرمودی کی پالیساں صرف کشمیر یوں ،بھارت میں بسنے والے مسلمانوں اور خطے کے ہی خلاف نہیں بلکہ بھارت کے لیے بھی تباہی اور بربادی لا رہی ہیں اور جب تک نر یندر مودی اقتدار میں ہے خطے میں اَمن نہیں آسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ افواج پاکستان سر حدو ں کی حفاظت کیلئے جس طر ح جانوں کی قر بانیاں دے رہی ہیں پوری قوم افواج پاکستان اور اسکے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور قوم انکے ساتھ کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہی کر نا پڑ یگا۔




