نیتن یاہو اچانک ابوظہبی پہنچ گئے، اماراتی صدر سے ملاقات کی: برطانوی میڈیا

0

برطانوی خبر ایجنسی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زیاد کے درمیان ملاقات کا دعویٰ کیا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہےکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہونے متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کیا جہاں ان کی ابوظہبی میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں بھی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے دورہ یو اے ای اور اماراتی صدر سے ملاقات کا بتایا تھا تاہم متحدہ عرب امارات نے اس ملاقات کی تردید کی تھی۔

ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے برطانوی خبر ایجنسی کو ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اماراتی وزارت خارجہ نے بھی خبر پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی کا سفر کیا اور تقریباً ایک روز وہاں قیام کے بعد واپس اسرائیل روانہ ہوگئے، تاہم ملاقات کے ایجنڈے یا دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے کی سکیورٹی صورتحال بھی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، دونوں ممالک نے 2020 میں ابراہم معاہدوں کے تحت سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور اس کے بعد مختلف شعبوں میں روابط برقرار رہے ہیں۔

اسرائیلی اخبار ہارٹز نے رواں ماہ رپورٹ کیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نیتن یاہو کو حماس کی جانب سے بڑے آپریشن کی مبینہ تیاری سے آگاہ کیا تھا، اسرائیلی وزیراعظم نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے اس معاملے پر براہ راست تبصرہ نہیں کیا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی معاملات پر رابطے برقرار رہے ہیں، تاہم ایک اماراتی ذریعے نے ماضی میں کہا تھا کہ ایسے معاملات متعلقہ اداروں کے ذریعے زیر بحث آتے ہیں، قومی رہنماؤں کی سطح پر نہیں، تازہ ملاقات کے حوالے سے دونوں حکومتوں کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.