ایران نے امریکی پابندیوں کو ریاستی دہشتگردی قرار دے دیا
ایران نے امریکی معاشی اقدامات کو ریاستی دہشتگردی، غیرقانونی اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنی اقتصادی مہم کو ایرانی عوام کے خلاف بے رحم ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی پابندیاں لاکھوں ایرانی شہریوں کی صحت اور روزگار کو سنگین خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق امریکی پابندیوں میں شمولیت کسی ریاست کی غیرقانونی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کے جرم میں شرکت کے مترادف ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ امریکی پالیسیوں کے خلاف قانون کی عملداری برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکا کے اقتصادی اقدامات بین الاقوامی قانون اور انسانیت کے خلاف جرم کے مترادف ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے فوجی و اقتصادی حملوں کے خلاف ملکی دفاع کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
ایران نے عالمی برادری سے امریکی پابندیوں پر عمل درآمد سے گریز کرنے پر بھی زور دیا۔
