وزیراعظم کی امریکا میں نوجوانوں کو ملکی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کی دعوت
وزیرِاعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی آنٹرپرونیورز کے ساتھ ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔
وزیرِاعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خادم پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف اور معاشی طور پر کمزور طلباء و طالبات کو دانش سکولوں کے ذریعے یکسان تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، وہ بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اس موقع پر نوجوانوں نے وزیرِاعظم کے نوجوانوں کی ترقی بالخصوص آئی ٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم سے امریکا میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات و پروفیشنلز کے وفود کی ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیرِاعظم نے وفود کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں اپنے مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں، حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
کاروباری شخصیات کے وفود نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کی تعریف کی۔
ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چئیرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِاعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، سید قمر رضا چیئرمین اوور سیز فاؤنڈیشن، مینیجنگ ڈائیریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
