سپریم کورٹ نے پنجاب کے پٹواری محمد نواز کی بر طرفی کیخلاف اپیل مسترد کردی
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے پنجاب کے پٹواری محمد نواز کی بر طرفی کیخلاف اپیل مسترد کردی۔ پیر کو کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کی ۔ دور ان سماعت جسٹس گلزار احمد عدالت آئے تو پٹواری کے وکیل نے چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے مبارک دی۔ انہوںنے کہاکہ میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں آپ بطور چیف جسٹس پہلا کیس میرا سن رہے ہیں، چیف جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ آپ کا بہت شکریہ، گرداوور احسان اللہ کو تو پنشن ہو گئی ہے، آپ تو پٹواری کے وکیل ہیں ،احسان اللہ لے معاملے کو بیچ میں کیوں لیکر آ رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ محمد نواز کا تو معاملہ ثابت ہے اس نے عدالتی حکم کے برخلاف کام کیا، محمد نواز پٹواری مس کنڈکٹ کا مرتکب پایا گیا ہے۔وکیل پٹواری نے کہاکہ بوجھ سارا پٹواری پر ڈال دیا گیا لیکن گرداور اور تحصیلدار بھی ملوث تھے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ وکیل صاحب آپ پٹواری محمد نواز کا کیس ہمیں بتائیں، انکوائری ہوئی اور فیصلہ محمد نواز صاحب کیخلاف آیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ تحصیلدار اور گرداور کو کیس میں شامل کرنا جسکا ریکارڈ ہمارے سامنے موجود نہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم اس معاملے ایگزیکٹو کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے پنجاب کے پٹوار محمد نواز کی برطرفی کیخلاف اپیل مسترد کر دی ۔ یاد رہے کہ پٹواری محمد نواز کو 2012 میں نوکری سے برطرف کیا گیا تھا،پنجاب سروس ٹربیونل نے 2013 کو برطرفی کو برقرار رکھا تھا۔