مراکش کے فٹبالر اشرف حکیمی کے خلاف مبینہ زیادتی کیس میں اہم پیشرفت

0

فرانس کی عدالت نے پیرس سینٹ جرمین اور مراکش کے فٹبالر اشرف حکیمی کے خلاف مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ٹرائل کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق عدالت نے 19 جون کو فیصلہ سنایا تھا کہ 27 سالہ اشرف حکیمی کو 2023 میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے کیس میں فوجداری عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔ اشرف حکیمی نے الزام کی مسلسل تردید کی۔

حکیمی نے اپیل عدالت کے فیصلے کے خلاف فرانس کی اعلیٰ ترین عدالت، کورٹ آف کیسِیشن سے رجوع کیا تھا، تاہم بدھ کو عدالت نے ٹرائل کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ یہ حکیمی کے لیے قانونی طور پر آخری اپیل تھی۔

رپورٹ کے مطابق فروری میں حکیمی کو فوجداری عدالت میں مبینہ زیادتی کے الزام کا سامنا کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے خلاف انہوں نے پہلے اپیل کی اور بعدازاں کیسِیشن کورٹ سے رجوع کیا۔

رپورٹ کے مطابق مقدمے کی مدعیہ کے وکیل نے بتایا کہ تقریباً ساڑھے تین سال کی قانونی کارروائی کے بعد ان کی مؤکلہ انصاف کے حصول کے لیے آخر تک لڑیں گی۔

واضح رہے کہ فروری 2023 میں اس وقت 24 سالہ خاتون نے پیرس کے جنوب مشرقی علاقے میں پولیس کو بتایا تھا کہ حکیمی نے ان کے ساتھ زیادتی کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ جنوری 2023 میں انسٹاگرام کے ذریعے حکیمی سے ملی تھیں اور ان کی جانب سے بلائی گئی ٹیکسی میں ان کے گھر گئی تھیں۔

خاتون نے الزام لگایا کہ حکیمی نے ان کی رضامندی کے بغیر انہیں بوسہ دیا، چھوا اور بعدازاں زیادتی کی جبکہ انہوں نے مزاحمت کرکے ایک دوست کو پیغام بھیجا جو انہیں لینے پہنچا۔ حکیمی پر چند روز بعد زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.