ٹک ٹاکر شمسو بی بی کیس: والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار

0

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلا منہ کو والد اور بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب نے کہا کہ ٹک ٹاکر عائشہ گلا منہ کے قتل کا معمہ حل کر لیا، اس کے قتل کے الزام میں والد سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، مقتولہ کو والد اور بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ کے قتل میں اس کے کزن بھی ملوث ہیں۔

ٹک ٹاکر کو 14 اگست کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں قتل، اقدام قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے موبائل فون پر کاشف نامی شخص کی کال آئی، جس کے بعد وہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر گئی، کچھ دیر بعد اہلخانہ کو اطلاع ملی کہ عائشہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔

والد کے مطابق ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچ کر انہوں نے بیٹی کی لاش کی شناخت کی، جبکہ دوسری بیٹی اور بیٹا بھی زخمی حالت میں موجود تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عائشہ کی گردن پر گولی لگی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث مقتولہ کے بھائی اور دوسری بہن بھی زخمی ہوگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.