خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی زمینی و فضائی کارروائی، 37 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے تین شہروں اور سرحدی علاقوں میں زمینی و فضائی کارروائی کرتے ہوئے 37 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے۔
وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کے اندر، خصوصاً خیبر پختونخوا کے بے گناہ عوام کے خلاف ہونے والے متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور ٹل کے علاقوں میں ایک منظم انٹیلی جنس بیسڈ زمینی آپریشن کیا، جس کے بعد دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف محدود اور ہدفی فضائی حملے کیے گئے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ کوہاٹ، ہنگو اور ٹل میں 20 ستمبر کو کی گئی زمینی کارروائی کے دوران 9 خوارج ہلاک مارے گئے۔
افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ دہشت گردوں کے تین ٹھکانے تباہ کیے گئے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق خودکش بمباروں کا تربیتی مرکز بھی کارروائی میں تباہ کیا گیا، اس آپریشن میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں ذخیرہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ہے، پاکستان میں شہریوں کا تحفظ اور سلامتی اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں کے مراکز کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا گیا۔
