پیٹرول کی قیمتوں میں اضافےکے اثرات، پیاز اور چکن سمیت 23 اشیا مہنگی
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافےکے منہگائی پر اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں اور ہفتہ وار مہنگائی میں 0.49 فیصد مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح بڑھ کر 9.66 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء سستی اور 18کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں پیٹرول کی قیمت 3.77 فیصد بڑھ گئی جبکہ حالیہ ہفتے میں پیاز 14.17 فیصد مہنگا ہوا۔ چکن کی قیمت میں 3.35 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ دال چنا، لہسن اور چائے سمیت کئی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں انڈے 5.78 فیصد سستے ہوئے جبکہ حالیہ ہفتے ڈیزل کی قیمتوں میں 5.15 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی، ٹماٹر 4.99 اور آلو کی قیمتوں میں 1.17 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ چینی، ایل پی جی اور کیلے بھی سستے ہوئے۔
