نیب بلوچستان نے عوام سے دھوکہ دہی کے کیس میں مفرور ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا
کوئٹہ( این این آئی)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے عوام الناس سے دھوکہ دہی کے ایک کیس میں مفرور ملزم معظم جان کو کراچی سے گرفتار کرلیا ہے، ملزم لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے کروڑوں کے فراڈ میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہے نیب بلوچستان کی تحقیقات کے مطابق ملزم معظم جان نے سادہ لوح عوام سے جعلی انوسٹمنٹ کمپنی کے زریعے اسٹاک ایکسچینج میں منافع کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے اینٹھے اور کچھ عرصہ منافع کی معمولی رقم دیکر روپوش ہو گیا، نیب بلوچستان نے ملزم کے خلاف شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات مکمل کرکے کیس احتساب عدالت میں دائر کر دیا، تاہم عدالت سے سزا کے فیصلے کے بعد سے ملزم مفرور تھا۔ نیب کی انٹیلی جینس ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کی عدالت کے احکامات کی روشنی میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات پر اہم پیشرفت کرتے ہوئے ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا، ملزم کی سفری ضمانت حاصل کرلی گئی ہے، مزید کارروائی کے لئے احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔مزید تحقیقات جاری ہیں۔