ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ شروع، ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار شریک

0

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ آج دس بجے شروع ہو گیا ہے جس کا دورانیہ تین گھنٹے ہو گا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے ملک کے 34 شہروں اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

 

ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، پنجاب کے میڈیکل کالجز کے لیے 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841 اور سندھ میں 34 ہزار 233 امیدوار ٹیسٹ دیں گے۔

 

بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 721 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، اسلام آباد میں ایک ہزار 245 جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں 237 امیدوار امتحان دینے کے اہل ہیں۔

 

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا ہے، ہر صوبے کے لیے علیحدہ پرچہ ہوگا جبکہ کم از کم دو اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے ہیں۔

 

ہر پرچے میں امیدواروں کے لیے 180 سوالات شامل ہوں گے۔

 

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد صوبائی حکام اور نامزد جامعات کی ذمہ داری ہے، جبکہ امتحان کے بعد متعلقہ جامعات سوالیہ پرچے اپنے پاس رکھ سکتی ہیں۔

 

امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام امیدواروں کو ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔

 

امتحان ختم ہونے کے بعد امیدوار سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ نہیں لے جاسکیں گے، انہیں مرکز سے روانہ ہونے سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا، جبکہ سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کا نتیجہ منسوخ کردیا جائے گا۔

 

امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے پر پابندی ہے۔

 

ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی یہ بھی کی گئی ہے کہ جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے، جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی امیدوار امتحان میں شرکت کرسکیں گے، تاہم امتحانی مرکز پر امیدواروں کی شناخت کے لیے اصل مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی، اس لیے امیدواروں کو شناخت اور دستاویزات سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.