چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے بدھ کے روز رومانیہ کے سفیر ڈان اسٹووینسکو (Don Stoenesu) نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے رومانیہ کے سفیر کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خوش آمدید کہا۔چیئرمین محمد علی رندھاوا نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ اسلام آباد کے انفراسٹرکچر اور خوبصورتی سے بہت متاثر ہوا ہوں، اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو بہت تیزی سے یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور شہروں کی سطح پر دونوں اطراف کے تجربات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایسے تمام شعبے جس میں مشترکہ طور پر استفادہ کیا جاسکتا اس کی فہرست مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور رومانیہ کے قومی شاعر میہائی ایمینیسکو (Mihai Eminesue) کی یادگار کی ازسر تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ رومانیہ کے سفیر نے قومی شاعر میہائی ایمینیسکو (Mihai Eminesue) کی یادگار کی ازسرنو تعمیر پر اظہار تشکر کیا۔
اسی طرح ملاقات میں مستقبل میں یادگار کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف آپشنز زیر غور لائے گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہروں کو سسٹر سٹی کا درجہ دینے کے معاملے پر وزارت خارجہ کے ذریعے تبادلہ خیال گیا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔