اسحاق ڈار سے ترک سفیر، برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں، علاقائی صورتحال پر مشاورت اسحاق ڈار سے ترک سفیر، برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں، علاقائی صورتحال پر مشاورت
دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کے سفیر عرفان سے خطے کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مسائل کے حل اور پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان، ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر بات چیت ہوئیں، ترک سفیر نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی میکنزمز پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔
ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد تعاون میں پیشرفت جاری ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے، مشترکہ کمیشن اور ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں پر توجہ دی جائے گی، متعلقہ ادارے مشترکہ کمیشن اوراسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کی تیاریوں کے لیے قریبی رابطہ رکھیں۔
قبل ازیں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ نے دورۂ برطانیہ میں طے ہوئی مفاہمتوں پر عملدرآمد کے حوالہ سے بات کی، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے اسحاق ڈار نے اعلیٰ سطح روابط کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
