جماعت اسلامی گلگت بلتستان کا بہار کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے مسلم خاتون کے نقاب ہٹانے کی شدید مذمت

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت، 17 دسمبر 2025: جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے رہنما مولانا عبد السمیع نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب زبردستی ہٹانے کے واقعے کو شرمناک، قابل مذمت اور اسلام دشمن فعل قرار دیا۔

مولانا عبد السمیع نے کہا کہ مسلم خاتون کا نقاب ذاتی پسند نہیں بلکہ دینی فریضہ، شناخت اور غیرت ایمانی کی علامت ہے، جسے کوئی طاقت یا حکومت پامال نہیں کر سکتی۔ انہوں نے اس عمل کو مسلمان خواتین کی تذلیل، اخلاقی دیوالیہ پن اور ریاستی جبر قرار دیا اور عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف پسند حلقوں سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں بڑھتی اسلاموفوبیا اور مذہبی آزادی پر حملوں کے خلاف نوٹس لیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلم خواتین کے مذہبی تشخص اور پردے کی حرمت کو چیلنج کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو مسلمان ہر آئینی، قانونی اور اخلاقی فورم پر بھرپور آواز بلند کریں گے۔ مولانا عبد السمیع نے واضح کیا کہ پردہ ہماری شریعت، ہماری پہچان اور ہماری سرخ لکیر ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل غذر ایڈوکیٹ عارف اللہ نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاتون کی ذاتی عزت، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے پر فوری غیر مشروط معافی لی جائے، ذمہ دار کے خلاف کارروائی ہو، اور خواتین و اقلیتوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

Comments are closed.