بلوچستان میں ہیڈ ماسٹرز تقرری کیس: وفاقی آئینی عدالت کا بڑا حکم، نتائج کی اشاعت روک دی گئی

27

کوئٹہ، 16 دسمبر 2025:
وفاقی آئینی عدالت نے بلوچستان میں ہیڈ ماسٹرز کی آسامیوں پر ہونے والی تقرریوں کے معاملے میں اہم عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کے نتائج کی اشاعت تاحکمِ ثانی روک دی ہے۔ چیف جسٹس جسٹس امین الدین کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے اس آئینی درخواست کی سماعت کی، جس میں تقرری کے عمل پر سنگین قانونی اعتراضات اٹھائے گئے۔

درخواست گزار فہیم خان کی جانب سے وکیل امان اللہ نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ تعلیم اور بلوچستان پبلک سروس کمیشن نے ہیڈ ماسٹرز کی آسامیوں کے لیے لازمی بی ایڈ کی شرط کو نظرانداز کیا، جس کے نتیجے میں نااہل امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت دی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ اقدام نہ صرف قواعد و ضوابط بلکہ دسمبر 2024 میں جاری کیے گئے اشتہار کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد حکومت بلوچستان اور بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تقرری کے نتائج فی الحال شائع نہ کیے جائیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے تمام کارروائی معطل کر دی ہے، جسے تعلیمی نظام میں شفافیت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.