وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ضلع باجوڑ کے علاقے تنگی میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ کے علاقے تنگی میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پولیو ٹیم پر حملہ انسانیت اور قومی فریضے پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعلیٰ نے حملے میں شہید پولیس اہلکار اور جاں بحق شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شرپسندوں کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے پولیو مہم کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے۔درایں اثناء، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور میاں منظور وٹو مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میاں منظور وٹو مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
Comments are closed.