چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا سانحۂ اے پی ایس کی 11ویں برسی پر پیغام

24

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد: چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے 16 دسمبر 2014 کے سانحۂ آرمی پبلک اسکول کی 11ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج سے گیارہ سال قبل علم دشمنوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کر کے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک دن دہشتگردوں نے معصوم بچوں اور قوم کے مستقبل کو نشانہ بنایا، جو ایک گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم تھا۔ سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق یہ دل سوز واقعہ آج بھی پوری قوم کے دلوں کو مضطرب کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحۂ اے پی ایس جیسے واقعات دہشتگردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں، تاہم پاکستانی قوم دہشتگردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سانحے نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کر دیا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ پوری قوم ہمارے بچوں اور اساتذہ کی بے مثال بہادری کو سلام پیش کرتی ہے اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردیاں رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز ان بزدل دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ آئیے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ایک پُرامن پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کریں۔

Comments are closed.