اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن

24

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 الگ الگ کارروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 175.53 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 2 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں:
گلگت میں ایک اسکول کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 450 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

دیگر کارروائیاں:
کراچی کے علاقے کلفٹن میں کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل میں قالین کے اندر جذب کی گئی 21.6 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
فیصل آباد کے قریب ساہیانوالہ ٹول پلازہ پر گاڑی سے 80.4 کلوگرام چرس اور 60 کلوگرام افیون برآمد ہوئی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد کی بیلا روڈ پر ملزم کے قبضے اور گھر سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب دو ملزمان سے 140 گرام کوکین اور 140 گرام آئس برآمد ہوئی۔
چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک ٹرک سے 2.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ضلع جہلم کے علاقے پھاٹک راٹھیاں کے قریب دو موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 400 گرام آئس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نوجوان نسل اور تعلیمی اداروں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے اے این ایف کی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

Comments are closed.