عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت بلتستان، 16 نومبر 2025
گلگت بلتستان: وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے تاجروں کو کسٹمز میں دی جانے والی خصوصی رعایت سے تمام عوام اور تاجر برادری کو مستفید کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام اضلاع کو مناسب کوٹہ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بھی اس سہولت کے فوائد پہنچ سکیں۔
خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت نے اشیاء کی برآمدات کے طریقہ کار پر بریفنگ دی، جبکہ چیمبر آف کامرس نے تاجروں کی تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے دی گئی تجاویز اور محکمہ کی تیاری شدہ سفارشات کو ممبر اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی موجودگی میں یکجا کر کے دو دن کے اندر قابل عمل تجاویز تیار کی جائیں۔ یہ تجاویز آئندہ کابینہ اجلاس میں منظور کرائی جائیں گی تاکہ ٹیکس چھوٹ کے تحت برآمدات کے لئے واضح اور باقاعدہ طریقہ کار قائم ہو۔
چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ وفاقی حکومت کے سامنے گلگت بلتستان کے عوام اور تاجروں کے موقف کی نمائندگی تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت گلگت بلتستان کے تاجروں اور عوام کو ٹیکس چھوٹ کے فوائد حاصل ہوئے۔
وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو گلگت بلتستان کے تاجروں اور عوام کی معاشی ترقی اور پاک-چین تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مثبت اور مؤثر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





