پیپلز پارٹی بلوچستان کے پارلیمنٹرینز کی فریال تالپور سے ملاقاتیں

0 7

پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز کی پیپلز پارٹی کی شعبہ خواتین کی صدرفریال تالپور سے ملاقاتیں ، بلوچستان کی حکومتی، سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تمام سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی، صوبائی وزراء و اراکین بلوچستان اسمبلی نے کراچی میں فریال تالپور سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔
ملاقاتوں میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال ، حکومتی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ اس موقع پر تمام ارکان نے علاقائی مسائل سمیت دیگر امور پر اپنی رائے سے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور کو آگاہ کیا تاہم ملاقاتوں کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی موجود نہیں تھے ۔

اس حوالے سے این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے پارلیمنٹرینز اور پارٹی رہنمائوں نے بتایا کہ انہوں نے صوبے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔

پارٹی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پارٹی صوبے اور عوام کے مفاد میں بہترین فیصلہ کریگی اور جو بھی فیصلہ پارٹی قیادت کا ہوگا ہم اسے من وعن تسلیم کریں گے ۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کے درمیان دو روز قبل اختلافات اور تلخ کلامی کی خبریں زیر گردش تھیں جن کے بعد پارٹی کی مرکزی قیادت نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور رہنمائوں کو ملاقات کے لئے کراچی طلب کیا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.