ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج نے ضلع بارکھان کے تھانہ رکنی سٹی کا سرکاری دورہ کیا
بارکھان 14 دسمبر : ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج نے ضلع بارکھان کے تھانہ رکنی سٹی کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پولیس اسٹیشن کے انتظامی و آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور مجموعی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ڈی آئی جی پولیس نے افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور فرائض کی انجام دہی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور پیشہ ورانہ خدمات پر حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر اسلحہ، ایمونیشن، بلٹ پروف جیکٹس، مواصلاتی آلات اور دیگر حفاظتی سازوسامان کی دستیابی، حالت اور آپریشنل تیاری کا بغور جائزہ لیا گیا۔انہوں نے پولیس اسٹیشن کی عمارت، بیرکس، میس اور جوانوں کی رہائشی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور جہاں کمی بیشی پائی گئی وہاں فوری بہتری کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران افسران و جوانوں کو آئی جی پی بلوچستان کی پالیسی ہدایات اور اسٹینڈنگ آرڈرز کی روشنی میں بریفنگ دی گئی، جس میں چوکسی، نظم و ضبط اور آپریشنل تیاری پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈی آئی جی پولیس نے دیانت داری اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کرپشن اور غفلت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔مزید برآں، ڈی آئی جی پولیس نے پولیس جوانوں کے مسائل اور جائز شکایات بھی سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی ممکنہ احکامات جاری کیے۔ انہوں نے علاقے کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا، بالخصوص قومی شاہراہ این۔70 پر سیکیورٹی انتظامات، نفری کی تعیناتی، گشت اور کسی بھی ناخوشگوار یا دہشت گردی کے واقعے کی صورت میں فوری ردِعمل کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی۔
دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج نے مشکل حالات کے باوجود پولیس فورس کی کارکردگی اور کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، جوانوں کی فلاح و بہبود بہتر کرنے اور آپریشنل تیاری میں مزید بہتری کے لیے قیمتی ہدایات جاری کیں۔
Comments are closed.