لاہور ہائیکورٹ کی صوبائی جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس 19 نومبر کو طلب
اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 تک درج ہونے والے مقدمات کی ایف آئی آرز اور چالان جمع کرانے کی صورتحال بھی زیر غور آئے گی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں جیلوں میں قیدیوں کی تعداد، جیلوں کی صورتحال، گنجائش سے زائد قیدیوں کے مسئلے اور جیلوں میں رش کم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
پروبیشن اور پیرول پر رہا ہونے والے قیدیوں کے اعدادوشمار، یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 تک سزا یافتہ اور بری ہونے والے ملزمان کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں گی۔
صوبے بھر میں لاپتا خواتین کے مقدمات اور ان کی تلاش کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی زیر تفتیش انکوائریوں، درج مقدمات اور عدالتوں میں جمع کرائے گئے چالان کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش ہوں گی۔
یکم جنوری سے 31 اکتوبر 2026 تک اینٹی کرپشن مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہونے والے گواہوں کے اعدادوشمار بھی زیر غور آئیں گے۔
اجلاس میں سی سی ڈی پنجاب کی جانب سے 31 اکتوبر 2026 تک درج اور تفتیش کیے گئے مقدمات کی تازہ ترین رپورٹ پیش کی جائے گی۔
2017ء تک کے زیر التوا پرانے مقدمات میں چالان جمع نہ ہونے کی وجوہات، تفتیشی پیش رفت اور تفتیش کا معیار بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی محکموں سے متعلق مقدمات کی معلومات متعلقہ محکموں کو ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کرنے کے معاملے پر بھی غور ہوگا۔
اجلاس میں قانون و انصاف کمیشن پاکستان، محکمہ داخلہ، پراسیکیوشن، پولیس، جیل خانہ جات، اینٹی کرپشن، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
