نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر تین ملکی کرکٹ سیریز جیت لی
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکرتین ملکی ( ٹرائی نیشن) سیریز جیت لی، میچلز57، لیتھم56،کنوے نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ ول او رورکی کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کو کھیلے گئے ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 28 گیندوں قبل5 وکٹوں سے شکست دیکر ٹرائی نیشن سیریز جیت لی۔پاکستان کے بولرز 242رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تاہم بیٹنگ میں بھی کوئی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جاسکا۔نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور 5 کے اسکور پر ول ینگ، نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد ڈیون کونوے اور کین ولیمسن نے پراعتماد اور خوبصورت اننگز کھیلی، دونوں نے ملکر اسکور کو آگے بڑھایا اور اپنی اننگز کی نصف سینچری11.1 اوورز میں مکمل کی جس میں 8 اضافی رنز بھی شامل تھے۔
لیکن جب اسکور 76 رنز پر پہنچا تو ولیمسن 49 گیندوں پر3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے34رنز بناکر سلمان آغا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ڈیون کونوے اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے۔ کونوے کا ساتھ دینے کے لئے ڈیرل مچل بیٹنگ کے لئے آئے تاہم کونوے مذید وکٹ پر ٹہر نہیںسکے اور مجموعی اسکور108 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر ابراراحمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انہوں ایک اچھی اننگز کھیلی اور 74 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 48رنز بنائے۔
ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے87 رنز کی شراکت بنی۔ڈیرل مچل ، ابراراحمد کی گیند پر کوڈاینڈ بولڈ ہوگئے، انہوں نے 58 گیندوں پر6چوکوں کی مدد سے57 رنزبنائے۔ ٹام لیتھم بھی بہت عمدہ اننکز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، انہوں نے 64 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے56رنز بنائے اور وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پرابراراحمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔گلین فلپس اور مائیکل بریسویل بالترتیب 20 اور2 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔نسیم شاہ نے 8 اوورز میں 43 رنز دیکر2وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا اورابراراحمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فائنل میچ جیتنے کے لئے 243 رنز کا ہدف دے تھا۔
فائنل میچ میں قومی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.3 اوورز میں242رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 243 رنز کا ہدف ملا ۔محمدرضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان نے سکہ اچھالا جبکہ مچل سینٹنر نے ٹیل کی کال دی لیکن کال ضائع ہوگئی اور پاکستان ٹاس جیت گیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز فخرزمان اور بابراعظم نے کیا لیکن جب پاکستان کا اسکور16 رنز پر پہنچا تو زمان نیوزلینڈ کے بولر ول او رورکی کی گیند پر سی ینگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انہوں نے 15 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 10 بنائے جس کے بعد سعودشکیل بھی 46 کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئے، وہ بریسویل کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، انہوں 14 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد 8 رنز اسکور کئے۔
جب مجموعی اسکور میں 8 رنز کا اضافہ ہوا تو بابراعظم بھی پویلین لوٹ گئے،انہوں نے 34 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد29 رنز بنائے اور وہ اسمتھ کی گیند پر کاڈاینڈبولڈ ہوئے۔54 کے اسکور پر پاکستان کے3 بیٹسمین آئوٹ ہوچکے تھے جس کے بعد محمدرضوان اور سلمان علی آغا نے جم کر بیٹنگ کی اور پاکستان کے اسکور کو 142 رنز تک پہنچایا لیکن بدقسمتی سے او رورک کی وکٹوں کے اندر آتی ہوئے گیند کو محمدرضوان کھیل نہیں سکے اور کلین بولڈہوگئے، انہوں نے 76 گیندوں پر4 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز بنائے۔
سلمان علی آغا نے بھی 65 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک ہی چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے اور وہ بریسویل کی گیند پر ڈفی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔محمدرضوان اور سلمان کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنے۔پاکستان کے آئوٹ ہونے والے چھٹے بیٹسمین طین طاہر نے جنہوں نے 33 گیندوں پر 4 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے38 رنزبنائے اور وہ ڈفی کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
فہیم اشرف 22، نسیم شاہ 19، خوشدل شاہ7 اور شاہین آفریدی ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ ول او رورکی نے 9.3 اوورز میں 43 رنز کے عوض 4 وکٹ حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر نے اپنے مقررہ10 اوورز میں 20 رنز دیکر 2 اورمائیکل بریسویل نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 38 رنز کے عوض2 کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔جیکب ڈفی اور نیتھن اسمتھ ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرسکے۔پاکستان پلیینگ الیون میں فخر زمان،بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان ( وکٹ کیپرکپتان)، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اورابرار احمدشامل ہیں۔نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون میں ڈیون کونوے، ول ینگ، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، جیکب ڈفی، نیتھن اسمتھ اور ول او رورکی شامل ہیں۔