صوبے میں کولڈ اسٹوریج اور ویلیو ایڈیشن/فروٹس پروسیسنگ پلانٹس کے لیے بزنس پلان کی تیاری و ترقی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

27

کوئٹہ 14جنوری ۔صوبے میں کولڈ اسٹوریج اور ویلیو ایڈیشن/فروٹس پروسیسنگ پلانٹس کے لیے بزنس پلان کی تیاری و ترقی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی نے کی۔اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری زراعت محمد انیس گورگیج، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن مسعود بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر احتشام، پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان انیشی ایٹو محمد آصف اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے افسران احسان اللہ اور سمیع اللہ موسی نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کولڈ اسٹوریج اور فروٹ پروسیسنگ منصوبوں کی باقاعدہ فیزیبلٹی اسٹڈی کی جائے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کے لیے جامع ٹی او آرز (Terms of Reference) تیار کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ کولڈ اسٹوریج سینٹرز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلانے سے نہ صرف نظام میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی نے کہا کہ محکمہ زراعت بلوچستان اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مابین قریبی تعاون کے ذریعے زرعی پیداوار کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اور فروٹس کی ویلیو ایڈیشن سے صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ PPP ماڈل کے تحت کولڈ اسٹوریجز کو چلانے سے محکمہ زراعت میں فصل کے نقصانات 40 فیصد کم ہونگے، جس سے براہِ راست کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ فیزیبلٹی اور ٹی او آرز کی تیاری کے بعد عملی اقدامات کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ دنوں میں مزید اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

Comments are closed.