سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

0

سلامتی کونسل کا سعودی عرب پر حوثی حملے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کی اور کہا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں، رہائشیوں اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا جائز حق حاصل ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ یمن کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، یمن کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملے باعث تشویش ہیں۔

 

عاصم افتخار نے کہا کہ یمن میں مزید کشیدگی روکنے اور سفارت کاری کے لیے گنجائش برقرار رکھنا ضروری ہے، اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یمنی قیادت پر مبنی سیاسی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔

 

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل میں جاری اختلافات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تعطل پر بدستور تشویش رکھتے ہیں، جس نے کونسل کے ذیلی اداروں کے کام کو بھی متاثر کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ رکن ممالک اتحاد کا مظاہرہ کریں گے، اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں گے اور اس چیلنج پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرتے ہوئے بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ مقصد پر متفق ہوں گے۔

 

سفیرِ پاکستان نے کہا کہ ہم خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے وسیع تر مقاصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

 

یاد رہے کہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس یمن کی تازہ صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں طلب کیا گیا تھا، جہاں پاکستان نے سعودی عرب کے حقِ دفاع اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے اپنے واضح مؤقف کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.