بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقریب، جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ

0 6

:پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پیر کو ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا گیا ۔

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخا نہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا اور اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اپنی دیرینہ قراردادوں کے نفاذ کو یقینی بنائے۔

پیغامات میں بین الاقوامی برادری کی توجہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی طرف بھی مبذول کروائی گئی ۔ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل کے لیے اپنا مناسب کردار ادا کرے۔ تقریب میں بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے بارے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

اس موقع پر ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام کو درپیش مصائب اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔ بصری پریزنٹیشن میں بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مظلوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیےغیرمتزلزل جرات، عزم اور جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.