پاکستان ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم رہا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات اس عزم کا ثبوت ہیں، قائم مقام صدر مملکت

0 6

:قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم رہا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات عالمی امن کے عزم کا ثبوت ہیں، سعودی عرب سمیت متعدد دوست ممالک کے افسران کی موجودگی عالمی تعاون کی علامت ہے۔

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے زیر تربیت ملکی و غیر ملکی افسران سے ایوان صدر میں خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم رہا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات عالمی امن کے عزم کا ثبوت ہیں۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ پیشہ ورانہ افسران سے مل کر فخر محسوس کر رہا ہوں، برطانیہ، چین، ترکی، سعودی عرب سمیت متعدد دوست ممالک کے افسران کی موجودگی عالمی تعاون کی علامت ہے۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ قیادت کی درسگاہ اور سٹریٹجک ذہنوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں سکیورٹی چیلنجز میں ہائبرڈ وار فیئر، سائبر خطرات اور غیر روایتی جنگی حکمت عملی شامل ہیں۔قائم مقام صدر نے کہا کہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے جدت، موافقت اور دور اندیشی کو اختیار کریں، پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید بنانے اور مسلح افواج کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور عوام کا اعتماد پاکستان کی اصل طاقت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی افسران کی نمائندگی مختلف اقوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ قیادت کے بنیادی اصول دیانتداری، ہمت اور خدمت کو ہمیشہ برقرار رکھیں، بین الاقوامی فوجی تعاون کے فروغ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا کردار اہم ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اپنے افسران کی خدمات پر فخر کرتا ہے، عالمی برادری سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.