ڈاکٹر وردہ کے قتل پر پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق کا اظہارِ افسوس، شفاف تفتیش اور فوری انصاف کی یقین دہانی
ایبٹ آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون نے ایبٹ آباد میں شہید ڈاکٹر وردہ کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی، دلی افسوس کا اظہار کیا، اور وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایات سے آگاہ کیا۔
صبا صادق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر وردہ ایبٹ آباد اور ہزارہ ہی نہیں، پورے پاکستان کی بیٹی تھیں۔ ایک ماں تھیں، ایک پروفیشنل ڈاکٹر تھیں۔ جس بہیمانہ طریقے سے ان کا قتل ہوا، اس پر پوری قوم غمگین ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس کیس پر خصوصی نوٹس لیا ہے، اور میں وفاقی حکومت کی نمائندہ کے طور پر فوری انصاف کی یقین دہانی کے لیے یہاں آئی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی مکمل اور غیرجانبدار تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے، جو جلد از جلد انکوائری مکمل کرے گی۔ کچھ ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں۔
مرکزی ملزم اب تک فرار ہے مگر اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔
صبا صادق نے کہا کہ کوئی بھی ملزم قانون سے بچ نہیں سکے گا۔ وہ بار کونسل، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مقدمے کی مضبوط پیروی کی جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی قانونی سقم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نہ کوئی ملزم ضمانت کے ذریعے بچ سکے گا، نہ کوئی اثر و رسوخ استعمال کر سکے گا۔
اہلِ خانہ سے تفصیلی گفتگو کے بعد صبا صادق نے کہا کہ ان کے تمام خدشات کو نوٹ کر لیا گیا ہے، اور انہیں یہ یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ انصاف کے تمام دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔
گڈ گورننس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ انسانی مسئلہ ہے، سیاسی نہیں۔ صوبے میں گڈ گورننس نہ ہونے سے ایسے واقعات جنم لیتے ہیں۔ عوام کو سیاسی نعرے نہیں، اپنی جان و مال کا تحفظ چاہیے۔
انہوں نے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، اداروں کو مضبوط کیا جائے اورر خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ڈاکٹر وردہ کے اسپتال کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ اسٹاف سے معلومات لیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور اسٹاف نے اپنی ساتھی کے لیے ہمت اور انصاف کے حصول کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے۔
آخر میں صبا صادق کا کہنا تھا کہ
مرحومہ کے خاندان کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اس کیس کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ قاتلوں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانا ہماری ذمہ داری ہے، اور یہ انصاف ضرور ملے گا۔
Comments are closed.