عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق بحال کروائے، علی رضا سید

برسلز(این این آئی)کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق بحال کروانے پرزوردیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پربرسلز سے جاری ایک بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر عالمی برادری کو کشمیریوںکو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے جو گذشتہ ایک سو اٹھائیس دنوں سے مسلسل بھارتی فوجی محاصرے میں ہیں اور بھارت نے انہیں ان کے تمام بنیادی اورشہری حقوق سے بھی محروم کر رکھا ہے۔انہوںنے عالمی برادری خصوصاًاقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کامحاصرہ ختم کروائیں اورنہتے کشمیری عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں۔ علی رضا سید نے انسانی حقوق کے عالمی کو ’’کشمیریوں کے حقوق کی یاددہانی کادن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ دنیا کی آزاد قومیں اس موقع پر حق خودارادیت سے محروم اور بھارتی مظالم کا شکار مظلوم کشمیریوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔انھوں نے کہاکہ یورپ میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں ہماری آگاہی مہم اس وقت جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کا ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔ انھوں نے کہاکہ اگرچہ کشمیری اپنے حق خودارادیت سے سات دہائیوں سے محروم ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں لیکن جب سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کوختم کرکے وہاں کا فوجی محاصرہ شروع کیا ہے، کشمیریوں کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ بھارتی محاصرے سے مواصلاتی نظام مسلسل معطل ہے، کشمیریوں کا رابطہ بیرونی دنیا سے ختم ہوگیا ہے۔علی رضا سید نے کہاکہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے پہلے ہی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا سلسلہ جاری تھا اورنہتے کشمیریوںکو براہ راست گولیوںاور پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جارہا تھا ۔کشمیر کونسل کے چیئرمین نے دو ٹوک الفاظ میں کہاکہ جنوبی ایشیاء میںپائیدار امن اورخوشحالی کا قیام مسئلہ کشمیرکادیرپا حل تلاش کئے بغیر ممکن نہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے بارے میں انھوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرپرعالمی برادرئی کو ثالثی کاکرداراداکرنا چاہیے اور کشمیریوں کو بھی مذاکرات کے عمل میں شامل کیا جاناچاہیے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی طاقتوں بالخصوص امریکہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کے مسائل کو مدنظر رکھیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے بھارت پردبائو بڑھائیں۔




