مظفرآباد: مشتاق احمد بٹ کا اسٹوڈنٹس ونگ تحریک شباب المسلمین سے حساس خطاب

16

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے تحریک شباب المسلمین کے اسٹوڈنٹس ونگ کی شوریٰ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور نوجوان کارکنان سے نہایت اہم اور حساس خطاب کیا۔

مشتاق احمد بٹ نے 27 اکتوبر کے احتجاجی مظاہروں اور 6 نومبر یومِ شہدائے جموں کے موقع پر مظفرآباد میں حریت کانفرنس کے بینر تلے کامیاب، منظم اور اثر انگیز پروگرام کے انعقاد پر اسٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران اور کارکنان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ آج کل جماعتی حریت کانفرنس کو نوجوانوں کے مضبوط کندھوں کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ مشتاق احمد بٹ نے واضح کیا کہ ریاست جموں و کشمیر ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے، جہاں قومی شناخت، مذہبی تشخص، تہذیبی وجود اور اجتماعی بقا شدید خطرات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا:

“آج کشمیر میں ہماری شناخت پر حملہ ہو رہا ہے”

“کشمیر کا مسلمان خطرے میں ہے”

“ہمارا دین، ہماری سرزمین اور ہمارا وجود ایک ہمہ جہت یلغار کی زد میں ہے”

مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ یہ وقت بیداری کا ہے، بے حسی اور خاموشی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر میں لائی جانے والی منصوبہ بندی کو اندلس (غرناطہ) کی تاریخ سے مماثل قرار دیا، جہاں خاموشی اور انتشار نے ایک تہذیب کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیا۔

انہوں نے زور دیا:
“اگر آج ہم غفلت میں رہے، خاموش رہے، منتشر رہے تو نہ تاریخ ہمیں معاف کرے گی، نہ مقبوضہ کشمیر کی نہتی اور مظلوم عوام، اور نہ ہی اللہ ربّ ذوالجلال کی بارگاہ میں ہمیں کوئی عذر قبول ہوگا۔”

مشتاق احمد بٹ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ عوام میں جائیں، دروازے کھٹکھٹائیں، لوگوں کو بیدار کریں، حقیقی خطرات سے آگاہ کریں اور ظلم عظیم کے خلاف متحد، منظم اور یکسو ہوکر کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کو مثالی اتحاد، فکری استقامت، اور عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا:
“آپ ہی یہ ملت کا مستقبل ہیں۔ آپ ہی وہ قوت ہیں جو اس اندھیرے کو چیر سکتی ہے۔ آپ ہی وہ آبرو ہیں جس پر ریاست اپنی امیدیں قائم کیے ہوئے ہے۔”

آخر میں مشتاق احمد بٹ نے عزم کا اعادہ کیا کہ حریت کانفرنس نوجوانوں کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑی ہے اور ہر کوشش کی سرپرستی جاری رکھے گی جو کشمیر کی شناخت، آزادی اور وقار کے تحفظ کے لیے کی جائے۔ اجلاس کے دوران اسٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران نے مشتاق احمد بٹ کو یقین دلایا کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

Comments are closed.